نئی دہلی: ہندوستان کے سابق ہیڈ کوچ روی شاستری نے اندور میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں نو وکٹوں کی شکست پر ٹیم انڈیا کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اس کے ساتھ انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ یہ شکست حد سے زیادہ اعتماد کی وجہ سے ہوئی ہے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ ٹیسٹ کے پہلے دن ہندوستان کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا لیکن پہلے سیشن میں ہی ہندوستان نے اپنی سات وکٹیں گنوا دیں۔
پہلی اننگز میں آسٹریلوی اسپنر میتھیو کوہن مین نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے اپنی پہلی پانچ وکٹیں حاصل کیں جس کی وجہ سے ہندوستان پہلی اننگز میں صرف 109 رنز پر ڈھیر ہو گیا۔ آسٹریلیا کو 88 رنز کی برتری حاصل ہونے کے بعد، ہندوستان دوسری اننگز میں 163 رنز پر ڈھیر ہوگیا۔ ٹاپ آرڈر بلے باز چیتشور پجارا کے 59 رنز کو چھوڑ کر کوئی بھی بلے باز نہ بچ سکا۔ دوسری اننگز میں نیتھن لیون نے آٹھ وکٹیں لے کر آسٹریلیا کو 76 رنز کا ہدف دیا جو اس نے جمعہ کو 18.5 اوورز میں حاصل کر لیا۔