نئی دہلی:بھارت کی جونیئر خواتین ہاکی ٹیم 29 نومبر سے شروع ہونے والے ایف آئی ایچ جونیئر خواتین ہاکی ورلڈ کپ 2023 میں کینیڈا کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔ آرگنائزنگ کمیٹی نے جمعرات کی رات 29 نومبر سے 10 دسمبر تک چلی کے شہر سینٹیاگو میں منعقد ہونے والے زیرانتظار ٹورنامنٹ کے پول اور شیڈول کا اعلان کیا۔ اس باوقار تقریب سے پہلے ایف آئی ایچ نے خواتین کی جونیئر کی نئی عالمی درجہ بندی کا بھی انکشاف کیا، جس کے مطابق ہندوستان چھٹے نمبر پر ہے، جبکہ نیدرلینڈ پہلے نمبر پر ہے۔ اس درمیان ارجنٹائن، جرمنی، انگلینڈ اور امریکہ بالترتیب دوسرے، تیسرے، چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ ہندوستان براعظمی درجہ بندی میں ٹاپ ریٹنگ والی ٹیم ہے۔
ہندوستانی ٹیم کو بیلجیئم، کینیڈا اور جرمنی کے ساتھ پول سی میں رکھا گیا ہے۔ ہندوستان اپنی مہم کا آغاز 29 نومبر کو کینیڈا کے خلاف کرے گا اس کے بعد یکم دسمبر کو جرمنی سے مقابلہ کرے گا۔ اپنے تیسرے اور آخری پول گیم میں ہندوستان کا مقابلہ 2 دسمبر کو بیلجیئم سے ہوگا۔ جاپان میں حال ہی میں خواتین کا جونیئر ایشیا کپ 2023 جیتنے کے بعد ہندوستانی جونیئر خواتین کی ہاکی ٹیم اعتماد کے ساتھ ایف آئی ایچ جونیئر خواتین ورلڈ کپ 2023 میں داخل ہو گی اور ٹورنامنٹ کی تاریخ میں پہلی بار ٹرافی اٹھانے کا ہدف رکھے گی۔ واضح رہے کہ ایف آئی ایچ جونیئر ویمنز ہاکی ورلڈ کپ کے آخری ایڈیشن میں ہندوستان کانسہ کا تمغہ جیتنے کے قریب پہنچ گیا تھا لیکن تیسری پوزیشن کے میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں 2(0) -2(3) سے شکست کھا گیا تھا۔”