بوڈاپیسٹ(ہنگری): بھارت کے اولمپک مڈلسٹ نیرج چوپڑا نے پیر کی اولین ساعتوں میں تاریخ رقم کر دی۔ ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 2023 میں انہوں نے اپنے ملک کا پہلا طلائی تمغہ حاصل کیا اور مردوں کے جیولن تھرو کے فائنل میں پاکستان کے ارشد ندیم کو ایک میٹر سے بھی کم فاصلے سے ہرا دیا۔ نیرج چوپٹرا نے اس ایونٹ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ہوئے اپنی جیت کو پورے ملک کے نام وقف کیا۔ نیرج نے کہا کہ یہ تمغہ پورے بھارت کے لیے ہے۔ وہیں نیرچ چوپڑا کے والد نے اس لمحے کو پورے ملک کے لیے قابل فخر قرار دیا۔ واضح رہے کہ ہنگری کے شہر بوڈاپیسٹ میں منعقدہ ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں نیرج نے اپنی دوسری کوشش میں 88.17 میٹر کا بہترین تھرو ریکارڈ کیا اور آخر تک اپنی برتری برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔ 87.82 میٹر تھرو کے ساتھ کامن ویلتھ گیمز کے چیمپئن ندیم نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔
مینز جیولن تھرو ایونٹ کا فائنل میچ اتوار (27 اگست) کو کھیلا گیا۔ اس چیمپئن شپ میں پاکستان کے ارشد ندیم دوسرے نمبر پر رہے۔ ان کا بہترین تھرو وہ تھا جو انہوں نے تیسرے تھرو میں کیا۔ جمہوریہ چیک کے Jakub Vadlejch نے 86.67 میٹر کی بہترین تھرو کے ساتھ کانسے کا تمغہ حاصل کیا۔ کشور جینا (84.77 میٹر کی بہترین) پانچویں جب کہ ڈی پی مانو (84.14 میٹر کی بہترین) چھٹے نمبر پر رہے۔
وہیں وزیر اعظم مودی اور مرکزی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر نے اس شاندار کامیابی پر نیرج چوپڑا کو مبارکباد دی ہے۔ وزیر اعظم نے ٹویٹ کیا کہ ''باصلاحیت نیرج چوپڑا مہارت کی مثال ہیں۔ ان کا لگن اور جذبہ، ان کی درستگی انہیں نہ صرف ایتھلیٹکس میں چیمپئن بناتی ہے بلکہ کھیلوں کی پوری دنیا میں بے نظیر مہارت کی علامت بناتی ہے۔ عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں گولڈ جیتنے پر انہیں مبارکباد۔''