دوحہ: فیفا ورلڈ کپ سنہ 1930 میں یوراگوئے میں شروع ہوا تھا۔ اب 92 برس بعد ٹورنامنٹ ایک نئے مقام پر نئے چیمپئن کا تاج پہنانے کے لیے تیار ہے۔ فٹ بال ورلڈ کپ پہلی بار قطر میں منعقد ہو رہا ہے۔ اس سے قبل ورلڈ کپ 2018 روس میں منعقد ہوا تھا جہاں فائنل میں فرانس نے کروشیا کو شکست دے کر فاتح بن کر ابھرا تھا۔ سال 2022 کے ٹورنامنٹ میں 32 ٹیموں کو آٹھ گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ فاتح فرانس کو گروپ ڈی میں آسٹریلیا، ڈنمارک اور تیونس کے ساتھ رکھا گیا ہے، جب کہ رنر اپ کروشیا بیلجیم، کینیڈا اور مراکش کے ساتھ گروپ ایف میں ہیں۔ FIFA World Cup 2022
میزبان قطر اور ایکواڈور گروپ اے میں ہالینڈ اور سینیگال کے ساتھ ہیں۔ لیونل میسی کا ارجنٹائن، سعودی عرب، میکسیکو اور پولینڈ گروپ سی میں ہے۔ یورو 2020 کی رنر اپ انگلینڈ کو گروپ بی میں ایران، امریکہ اور ویلز کے ساتھ رکھا گیا ہے، جب کہ ٹورنامنٹ کی فاتح اٹلی ورلڈ کپ میں جگہ بنانے میں ناکام رہی۔ چار بار ورلڈ کپ جیتنے والی جرمنی کو گروپ ای میں اسپین، کوسٹاریکا اور جاپان کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ جرمنی 2014 میں چیمپیئن ہونے کے باوجود 2018 کے ایونٹ میں ناک آؤٹ میں جگہ بنانے میں ناکام رہا اور اس بار ٹیم گزشتہ ایونٹ کی غلطیوں کو سدھارنے کی کوشش کرے گی۔
پانچ مرتبہ کی عالمی چیمپئن برازیل کا مقابلہ گروپ جی میں سربیا، سوئٹزرلینڈ اور کیمرون سے ہوگا جب کہ گروپ ایچ میں کرسٹیانو رونالڈو کی پرتگال، گھانا، یوروگوئے اور جمہوریہ کوریا نے مقام پایا ہے۔ اپنے ملک کے لیے پہلا ورلڈ کپ جیتنے کا خواب دیکھ رہے رونالڈو اپنے گروپ میں یوروگوئے کے خلاف محتاط رہنا چاہیں گے، جو پچھلے ٹورنامنٹ سے ان کی ٹیم کو باہر کرنے کی ذمہ دار تھی۔