نئی دہلی: عالمی فٹ بال کی گورننگ باڈی فیفا نے آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن (اے آئی ایف ایف) پر عائد پابندی ہٹادی ہے۔ اسی کے فیفا نے بھارت کو دوبارہ انڈر 17 ویمنز ورلڈ کپ 2022 کی میزبانی بھی سونپ دی ہے۔ فیفا نے یہ فیصلہ AIFF ایگزیکٹو کمیٹی کے روزمرہ کے معاملات پر مکمل کنٹرول کرنے کے بعد لیا ہے۔ فیفا اور ایشین فٹ بال فیڈریشن (اے ایف سی) اے آئی ایف ایف میں صورتحال کی نگرانی جاری رکھیں گے اور وقت پر انتخابات کے انعقاد میں اے آئی ایف ایف کی حمایت کریں گے۔ FIFA lifts ban on AIFF, decks cleared for India to host women's U-17 World Cup
فیفا نے اپنے بیان میں کہاکہ "کونسل نے AIFF کی معطلی کو فوری طور پر 25 اگست سے ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب فیفا انڈر 17 ویمنز ورلڈ کپ 11 سے 30 اکتوبر تک بھارت میں پرانے پلان کے مطابق منعقد کیا جا سکتا ہے۔ یہ فیصلہ اے آئی ایف ایف کے معاملات کو چلانے کے لیے مقرر کردہ تین رکنی منتظمین کی کمیٹی کی برخاستگی اور ایسوسی ایشن کے روزمرہ کے امور پر اے آئی ایف ایف انتظامیہ کے مکمل کنٹرول کی تصدیق کے بعد آیا ہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پیر کے روز آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن (اے آئی ایف ایف) کے کام کاج کو چلانے والی تین رکنی کمیٹی (سی او اے) کو تحلیل کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے حکم دیا تھا کہ اے آئی ایف ایف کے روزمرہ کے معاملات کو قائم مقام جنرل سکریٹری سنبھالیں گے۔ اس کے علاوہ عدالت نے اے آئی ایف ایف کی ایگزیکٹو کمیٹی کی تشکیل کا بھی فیصلہ کیا تھا۔