اردو

urdu

ETV Bharat / sports

New Zealand in Command: ولیمسن اور نکولس کی ڈبل سنچری، نیوزی لینڈ نے سری لنکا پر گرفت مضبوط کی

پہلے ٹیسٹ میں میچ وننگ سنچری بنانے والے ولیمسن نے یہاں بھی اپنی بہترین کارکردگی جاری رکھتے ہوئے 296 گیندوں پر 23 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 215 رنز بنائے۔

ولیمسن اور نکولس کی ڈبل سنچری
ولیمسن اور نکولس کی ڈبل سنچری

By

Published : Mar 18, 2023, 6:49 PM IST

ویلنگٹن: کین ولیمسن (215) اور ہنری نکولس (ناٹ آؤٹ 200) کی ڈبل سنچریوں کی بدولت نیوزی لینڈ نے ہفتہ کو سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 580 رنز بناکر میچ میں اپنی گرفت مضبوط کرلی ہے جبکہ سری لنکا نے دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے سے قبل 26 رنز پر دو وکٹیں گنوادیں اوراس پر دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ کا خطرہ ہے۔

پہلے ٹیسٹ میں میچ وننگ سنچری بنانے والے ولیمسن نے یہاں بھی اپنی بہترین کارکردگی جاری رکھتے ہوئے 296 گیندوں پر 23 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 215 رنز بنائے۔ نکولس نے ان کا ساتھ دیا اور نیوزی لینڈ کی اننگز ڈکلیئر ہونے پر 200 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ نکولس نے اپنی 240 گیندوں کی اننگز میں 15 چوکے اور چار چھکے لگائے۔

نیوزی لینڈ نے دن کا آغاز 155/2 پر کیا اور ولیمسن نے 26 کے اسکور پر کھیلتے ہوئے صبروتحمل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کوئی خطرہ مول لیے بغیر اپنی 28ویں ٹیسٹ سنچری بنائی اور پھر اسے اپنی چھٹی ڈبل سنچری میں تبدیل کر دیا۔

ولیمسن اور نکولس نے تیسری وکٹ کے لیے 363 رنز کی زبردست شراکت قائم کی جس نے سری لنکا کو مقابلے میں بہت پیچھے دھکیل دیا۔ ولیمسن کی وکٹ گرنے کے بعد نکولس نے ڈیرل مچل کے ساتھ 49 رنز اور بلنڈل کے ساتھ 50 رنز کی شراکت داری کی۔ مچل نے 12 گیندوں پر 17 رنز بنائے جبکہ بلنڈل 17 گیندوں پر 17 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ نکولس نے 240 ویں گیند پر اپنی ڈبل سنچری بنائی جس کے بعد نیوزی لینڈ نے 580/4 پر اننگز ڈیکلیئر کر دی۔

سری لنکا کے گیندباز جہاں ٹاس جیت کر بھی پچ کا صحیح استعمال نہیں کر سکے وہیں نیوزی لینڈ نے دن کا کھیل ختم ہونے سے قبل دو وکٹیں لے کر مخالف ٹیم کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔

میٹ ہنری نے بلیک کیپس کو پہلی کامیابی اس وقت دلائی جب اوشاڈا فرنینڈس (چھ رنز) کو وکٹ کیپر ٹام بلنڈل کے ہاتھوں کیچ کرایا، جب کہ سات سال بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کرنے والے ڈگ بریسویل نے کوسل مینڈس کو صفر پر آؤٹ کیا۔ دن کے کھیل کے اختتام پر دیموتھ کرونارتنے (ناٹ آؤٹ 16) اور نائٹ واچ مین پربھات جے سوریا (4 ناٹ آؤٹ) کریز پر ناٹ آوٹ پویلین لوٹے۔

یواین آئی۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details