تاشقند: بھارتی باکسر دیپک بھوریا اور نشانت دیو نے منگل کو اپنے اپنے باؤٹس جیت کر عالمی چمپئن شپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی، جب کہ ان کے ہم وطن سچن سیواچ شکست کھانے کے بعد مقابلے سے باہر ہوگئے۔ دیپک نے 51 کلوگرام زمرے کے پری کوارٹر فائنل میں چین کے چیماؤ ژانگ کو 5-0 سے شکست دی۔ نشانت (71 کلوگرام) نے پہلے ہی منٹ میں فلسطین کے ندال فوکاہا کو دو بار پنچ کر کے آخری 16 کا مقابلہ جیت لیا۔ دیپک اور نشانت اب کانسہ کے تمغے سے صرف ایک جیت دور ہیں، لیکن سچن (54 کلوگرام) قازقستان کے صابرخان سے 0-5 سے شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے۔
چیاماو کے خلاف دیپک نے شروع سے ہی باوٹ کو اپنے قابو میں رکھا۔ دیپک کے پاس اپنے حریف کے حملوں کو پڑھنے کی صلاحیت تھی اور وہ پہلے راؤنڈ سے ہی اپنی تیز رفتاری اور درست مکوں سے حاوی رہے۔ دوسرے راؤنڈ کے آغاز میں دیپک نے دفاعی انداز میں حکمت عملی اختیار کی، لیکن راؤنڈ کے اختتام سے پہلے، انہوں نے ایک بار پھر کچھ طاقتور مکے مار کر ژانگ پر غلبہ حاصل کیا۔ تیسرے راؤنڈ میں ژانگ نے گھونسوں کے امتزاج سے زیادہ جارحانہ ہونے کی کوشش کی۔ دیپک کو اپنے دفاع میں بہت متحرک ہونا پڑا، تاہم ہندوستانی باکسر نے ہمت سے مقابلہ کیا اور باؤٹ آرام سے جیت لیا۔