برمنگھم:دولت مشترکہ کھیل 2022 میں بھارت کا شاندار مظاہرہ جاری ہے۔ پرینکا نے خواتین کی 10 کلومیٹر واک میں چاندی کا تمغہ جیت لیا ہے۔ انہوں نے اپنی ریس 43.38 منٹ میں مکمل کی۔ آسٹریلیا کی جمائما نے اپنی ریس 42.34 منٹ میں طے کرکے طلائی تمغہ اپنے نام کیا جبکہ کینیا کی ایملی نے 43.50.86 منٹ میں ریس مکمل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اس کامیابی کے ساتھ پرینکا ریس واکنگ میں تمغہ جیتنے والی پہلی بھارتی خاتون بھی بن گئیں۔ وہیں وہ اس کھیل میں دولت مشترکہ کا تمغہ جیتنے والی دوسری بھارتی کھلاڑی بھی ہیں۔ اس سے قبل ہرمیندر سنگھ نے 2010 کے دہلی گیمز کے 20 کلومیٹر ریس واکنگ مقابلے میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔CWG 2022
دوسری جانب آج اویناش سابلے نے بھی بھارت کو دوسرا چاندی کا تمغہ دلایا۔ انہوں نے 3 ہزار میٹر اسٹیپل چیس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اویناش سابلے نے مَردوں کی 3000 میٹر اسٹیپل چیس میں چاندی کا تمغہ جیتا۔ اویناش نے اپنی دوڑ 8.11.20 منٹ میں مکمل کی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے تین ہزار میٹر کی دوڑ میں نیا قومی ریکارڈ بھی قائم کردیا۔ وہ گولڈ میڈلسٹ ابراہم کبیوٹ سے صرف 0.5 سیکنڈ پیچھے تھے۔ کینیا کے ابراہم نے اپنی ریس 8.11.15 منٹ میں مکمل کی جبکہ کینیا کے آموس سیرم نے اپنی ریس 8.16.83 منٹ میں مکمل کی اور انہوں نے کانسے کا تمغہ جیتا۔