نئی دہلی:مردوں کی ہاکی ایشین چیمپئنز ٹرافی 2023 کا انعقاد چنئی میں 3 سے 12 اگست کے درمیان کیا جائے گا۔ ہاکی انڈیا نے پیر کو اس کا اعلان کیا۔ یہ اس باوقار مقابلے کا ساتواں ایڈیشن ہے جو ستمبر میں چین کے شہر ہانگ زو میں ہونے والے ایشین گیمز کی تیاری کے لیے اہم ہوگا۔ ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی ٹیموں کا خیرمقدم کرتے ہوئے تمل ناڈو کے نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور کھیلوں کی ترقی کے وزیر ادھیاندھی اسٹالن نے کہا، "تمل ناڈو کے چنئی میں ہیرو ایشین چیمپئنز ٹرافی 2023 کی میزبانی کرنا یقیناً بہت خوشی اور اعزاز کی بات ہے۔ یہ جگہ کبھی جنوبی ہندوستان میں ہاکی کی راجدھانی ہوا کرتی تھی جہاں کئی باوقار ملکی اور بین الاقوامی مقابلے منعقد ہوتے تھے۔
انہوں نے کہا، ’’میں یہ دیکھ کر بہت خوش ہوں کہ ریاست میں اس کھیل کا احیاء ہورہا ہے اور ہندوستانی ٹیم کے نوجوان سنسنی ایس کارتی سمیت بہت سے نوجوان کھلاڑی ریاست سے نکل رہے ہیں۔ میراماننا ہے کہ یہاں ایشین چیمپئنز ٹرافی 2023 کی میزبانی خطے میں کھیل کو مزید جان بخشے گی اور ایشیا کی ٹاپ ٹیموں کو دیکھنا نوجوان نسل کو ہاکی کو کیریئر کے طور پر اپنانے کی ترغیب دے گا۔ چنئی نے آخری بار 2007 میں ایشیا کپ کے طور پر ایک بین الاقوامی ہاکی ٹورنامنٹ کی میزبانی کی تھی۔ بھارت نے اس ایونٹ کے فائنل میں کوریا کو 7-2 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیاتھا۔
ہندوستانی مردوں کی ٹیم نے 2011 میں منعقدہ ایشین چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی ایڈیشن میں اور 2016 میں خطاب جیتا تھا۔ مسقط، عمان میں منعقدہ 2018 کے فائنل کی کارروائی متاثر ہونے کے بعد ہندوستان اور پاکستان مشترکہ فاتح قرار پائے تھے۔ ہاکی انڈیا کے صدر ڈاکٹر دلیپ ٹرکی نے ٹورنامنٹ کی میزبانی کا موقع فراہم کرنے کے لئے ادھیاندھی اسٹالن اور ایشین ہاکی فیڈریشن (اے ایچ ایف) کا شکریہ اداکیا۔ ڈاکٹر ٹرکی نے کہا، "مجھے ایف آئی ایچ اڈیشہ ہاکی مینز ورلڈ کپ بھونیشور-رورکیلا کے دوران ان کے ساتھ بات چیت کرنے کا اعزاز حاصل ہوا اور ہاکی کے لیے ان کے جوش اور جذبے کو دیکھنا کافی حوصلہ افزا تھا۔ میں اس موقع کے لئے اے ایچ ایف کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔