نئی دہلی: مرکزی کابینہ نے ملک میں فیڈریشن ڈی فٹ بال ایسوسی ایشن (فیفا) انڈر۔17 خواتین ورلڈ کپ کے انعقاد کو ہری جھنڈی دے دی۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں اس سلسلے میں فیصلہ کیا گیا۔ Cabinet nod for signing of guarantees for FIFA U-17 Womens World Cup
اطلاعات و نشریات کے وزیر انوراگ ٹھاکر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ مرکزی کابینہ نے ملک میں انڈر۔17 خواتین کے فٹ بال ورلڈ کپ کے انعقاد کو منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ورلڈ کپ 11 سے 30 اکتوبر 2022 تک منعقد کیا جائے گا۔ یہ ورلڈ کپ پہلی بار ملک میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل بھارت میں انڈر۔17 مینز ورلڈ کپ کا انعقاد کیا جا چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ میں پوری دنیا سے نوجوان خواتین کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گی۔
واضح رہے کہ فیفا نے 16 اگست 2022 کو 'تیسرے فریقوں کی غیر ضروری مداخلت' کا حوالہ دیتے ہوئے بھارت کو معطل کر دیا تھا، جس کے بعد ملک سے فیفا انڈر۔17 خواتین ورلڈ کپ کی میزبانی بھی چھین لی گئی تھی۔ فیفا نے کہا تھا کہ آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن (اے آئی ایف ایف) اور فیڈریشن کے روزمرہ کے معاملات کو اے آئی ایف ایف انتظامیہ کے ہاتھ میں چلانے کے لیے تشکیل دی گئی ایڈمنسٹریٹرز کی کمیٹی کی تحلیل کے بعد معطلی کو ہٹا دیا جائے گا۔