ووکشی (چین):ایشین فینسنگ چیمپئن شپ میں یہ ہندوستان کا پہلا تمغہ ہے۔ عالمی نمبر 49 فینسر بھوانی نے کوارٹر فائنل میں دفاعی عالمی چیمپئن مساکی امورا کو 15-10 سے زیر کر کے یہ کارنامہ انجام دیا۔ یہ بھوانی کی عالمی نمبر ایک مساکی کے خلاف پہلی جیت تھی، جب کہ جاپانی تلوار باز نے اس سے قبل چار مقابلے جیتے تھے۔
بھوانی کو سیمی فائنل میں ازبکستان کی زینب ڈائبیکووا سے 14-15 سے شکست ہوئی، لیکن وہ تاریخی کانسی کا تمغہ جیت کر ٹاپ فور میں پہنچ گئیں۔ ایشین فینسنگ چیمپئن شپ میں، سیمی فائنل ہارنے والے کانسی کے تمغے جیتتے ہیں، جبکہ جیتنے والے خطابی مقابلہ کرتے ہیں۔ زینب نے فائنل میں عالمی نمبر 28 جمہوریہ کوریا کی جسو یون کو 15-9 سے شکست دے کر طلائی تمغہ جیتا۔
اس سے پہلے بھوانی دیوی کو راؤنڈ آف 64 میں بائی ملی تھی۔ اس نے اگلے راؤنڈ میں عالمی نمبر 95 قزاقستان کی ڈوسپے کرینہ کو 15-13 اور پری کوارٹر فائنل میں عالمی نمبر 40 جاپان کی سیری اوزاکی کو 15-11 سے شکست دی۔