بھونیشور:دفاعی چیمپئن بیلجیئم ایف آئی ایچ ہاکی مینز ورلڈ کپ 2023 میں شرکت کے لیے جمعہ کو اڈیشہ پہنچی جہاں شائقین نے ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا۔ بیلجیئم کو جرمنی، جاپان اور کوریا کے ساتھ پول بی میں رکھا گیا ہے اور وہ 14 جنوری کو بھونیشور میں کوریا کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔ ریڈ لائنز، کپتان فیلکس ڈینیئر کی قیادت میں، اپنی ایف آئی ایچ 2018 مینز ہاکی ورلڈ کپ کی کارکردگی کو دہرانے اور ٹرافی کو برقرار رکھنے کی کوشش کرے گی اور اگر بیلجیئم یہ کارنامہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتا ہے، تو وہ مسلسل دو ایڈیشن جیتنے والی صرف چوتھی ٹیم بن جائے گی۔ اس سے قبل پاکستان، جرمنی اور آسٹریلیا لگاتار دو بار ورلڈ کپ ٹرافی اٹھانے کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔ belgium Hockey team in world cup 2023
پاکستان نے 1978 اور 1982 میں ہاکی ورلڈ کپ جیتا تھا جبکہ جرمنی 2002 اور 2006 میں یہ کارنامہ انجام دینے والا دوسرا ملک بن گیا تھا۔ اس کے علاوہ آسٹریلیا 2010 اور 2014 ورلڈ کپ کا ٹائٹل میچ جیت چکا ہے۔ بیلجیئم کے کپتان نے یہاں پہنچنے کے بعد کہا کہ ہم یہاں ورلڈ کپ ٹرافی کو برقرار رکھنے کے ارادے سے آئے ہیں۔ اس سے پہلے ہم نے اسپین میں ایک تربیتی کیمپ میں حصہ لیا جہاں ہم نے اپنے تمام کھیل جیتے۔ ہمارے کھلاڑی پراعتماد ہیں اور اس سے ہمیں ورلڈ کپ مہم کو آسان بنانے میں مدد ملے گی۔ ہم جانتے ہیں کہ ہمارے علاوہ دیگر ٹیمیں بھی پوری تیاری کے ساتھ یہاں آئی ہیں اس لیے ہم ہر میچ کے دلچسپ ہونے کی توقع رکھتے ہیں لیکن ہمیں یقین ہے کہ ٹیم کا ہر رکن اس سخت مقابلے میں اپنی بہترین کارکردگی پیش کرنے کے لیے پرجوش ہے۔