پیرس: 2009، 2010، 2011، 2012، 2015، 2019، 2021، اور اب 2023 ، یہ وہی سال ہیں جن فٹ بال لیجنڈ لیونل میسی نے باوقار بیلن ڈی آور ایوارڈ اپنے نام کیا۔ لیونل میسی نے گزشتہ سال قطر میں ارجنٹینا کو ورلڈ کپ ٹائٹل دلوا کر اپنی زندگی کی سب سے بڑی خواہش کو پورا کیا تھا اور اب ریکارڈ آٹھویں بار مردوں کا بیلن ڈی آور جیت کر فٹبال میں تاریخ رقم کردی ہے۔ 36 سالہ میسی نے مانچسٹر سٹی کے فارورڈ ایرلنگ ہالینڈ اور پی ایس جی کے سابق ساتھی کائیلین ایمباپے کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ انٹر میامی کے مالک اور فٹبال لیجنڈ ڈیوڈ بیکہم نے میسی کو اس اعزاز سے نوازا۔
میسی بیلن ڈی آر ایوارڈ جیتنے والے پہلے ایس ایل ایس کھلاڑی بن گئے ہیں۔ اعزاز کی تقریب میں میسی اپنی اہلیہ اور بچوں کے ساتھ پہنچے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میسی نے اپنی جیت کو ممکن بنانے پر اپنے ارجنٹینا کے کوچ، ٹیم کے ساتھیوں اور عملے کا شکریہ ادا کیا۔ میسی نے آنجہانی ڈیاگو میراڈونا کو بھی خراج عقیدت پیش کیا، جنہوں نے 1986 میں ارجنٹینا کو ورلڈ کپ جیتنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ میسی نے کہا کہ، "یہ ٹائٹل اور یہ ٹرافی، میں انہیں آپ کے ساتھ اور ہمارے تمام ارجنٹینا کے ساتھیوں کے ساتھ شیئر کرتا ہوں۔" میسی نے گزشتہ ورلڈ میں اپنے زبردست کھیل کی وجہ سے اس ایوارڈ پر اپنی دعویداری کو مضبوط کیا۔ قطر میں، میسی نے ارجنٹینا کے لیے 10 گول کیے تھے۔ انہوں نے فرانس کے خلاف فائنل میں دو گول کئے تھے۔