نئی دہلیَ: آسٹریلیا کے سابق کرکٹر اور کوچ ٹام موڈی نے کہا ہے کہ انہیں پاکستانی کپتان بابر اعظم میں ہندوستانی لیجنڈ وراٹ کوہلی کی جھلک نظر آتی ہے۔
موڈی نے سٹار اسپورٹس کے ایک پروگرام میں کہا ’’وہ مجھے کافی حد تک وراٹ کوہلی کی یاد دلاتے ہیں۔ جس طرح سے وہ روایتی کرکٹ شاٹس کھیلتے ہیں۔ لگتا ہے کہ وہ کھیل کو اچھی طرح سمجھتے ہیں، پڑھتے ہیں جو کوہلی نے ایک دہائی سے زیادہ عرصے میں کیا ہے۔ وہ رنز کا پیچھا بھی بہت اچھے طریقے سے کرتے ہیں، جیسا کہ وراٹ کوہلی کئی سالوں سے کر رہے ہیں۔
موڈی نے مزید کہا کہ ’’دونوں میں بہت سی مماثلتیں ہیں۔ میں یہ نہیں کہوں گا کہ وراٹ کا ایشیا کپ بابر اعظم سے بہتر ہوگا، لیکن وہ دونوں برابر کے دباؤ میں ہوسکتے ہیں اور دیکھنے میں مزہ آئے گا۔‘‘
سابق ہندوستانی کرکٹر سنجے منجریکر نے بھی بابر کی تعریف کی، حالانکہ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ طویل عرصے تک اپنی کارکردگی کو برقرار رکھنا ہی کوہلی اور سچن تندولکر جیسے کھلاڑیوں کو عظیم بناتا ہے۔
منجریکر نے کہا ’’تندولکر اور وراٹ کوہلی جیسے کھلاڑیوں کا تقریباً 10-15 سال کا کیریئر رہا ہے اور جب بھی کوئی ابھرتا ہوا ستارہ آتا ہے، تو اس کا موازنہ ان کھلاڑیوں سے کیا جاتا ہے جو طویل عرصے تک دوڑ میں رہے۔ بعض اوقات یہ تھوڑا سا غیر منصفانہ ہوسکتا ہے لیکن ان دونوں لڑکوں کی عظمت یہ ہے کہ وہ طویل عرصے تک ایک ابھرتے ہوئے کھلاڑی کی بہترین کارکردگی کی سطح کی کرکٹ کھیلتے ہیں۔