کراچی: پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ایشیا کپ 2023 سے متعلق تنازعات کے درمیان کہا کہ ان کی مکمل توجہ اکتوبر نومبر میں ہندوستان میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ پر ہے۔
بابر نے کہا کہ ہماری توجہ ہندستان میں ہونے والے ورلڈ کپ پر ہے اور ہم وہاں اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔
خیال ر ہے کہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے سکریٹری اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر جے شاہ نے اکتوبر 2022 میں کہا تھا کہ ہندوستان ایشیا کپ کھیلنے کے لیے پاکستان نہیں جائے گا اور ٹورنامنٹ کسی اور ملک میں ہو گا۔ اس کے جواب میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اس وقت کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہا کہ اگر ہندستان ایشیا کپ کے لیے پاکستان نہیں گیا تو ان کی ٹیم بھی ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے ہندستان کا دورہ نہیں کرے گی۔
پی سی بی کے موجودہ چیئرمین نے بھی راجہ کے بیان سے اتفاق کیا ہے، حالانکہ اے سی سی ٹورنامنٹ کے انعقاد کے حوالے سے ابھی تک کسی نتیجے پر نہیں پہنچا ہے۔