حیدرآباد: عالمی کپ میں جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان بلاک بسٹر میچ کھیلا گیا۔ لکھنؤ کے ایکنا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو 134 رنز سے شکست دے دی۔ اس میچ میں جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 312 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں آسٹریلیا 40.5 اوورز میں 177 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
یہ رواں ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کی مسلسل دوسری فتح تھی۔ اس سے قبل جنوبی افریقہ نے اپنے پہلے میچ میں سری لنکا کو 102 رنز سے شکست دے کر ورلڈ کپ مہم کا شاندار آغاز کیا تھا۔ دوسری جانب آسٹریلیا کی یہ مسلسل دوسری شکست تھی۔ آسٹریلیا کو اپنے پہلے میچ میں بھارت کے ہاتھوں چھ وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ یہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں رنز کے لحاظ سے آسٹریلیا کی سب سے بڑی شکست ہے۔
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم کا آغاز انتہائی خراب رہا اور پاور پلے میں اس کی تین وکٹیں گر گئیں۔ سب سے پہلے مچل مارش مارکو جانسن کی گیند پر ٹیمبا باوما کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد ڈیوڈ وارنر بھی 13 رنز کے ذاتی سکور پر پویلین چلے گئے۔ لنگی نگیڈی نے وارنر کو آؤٹ کیا۔ اسٹیو اسمتھ بھی 19 رنز بنانے کے بعد کاگیسو ربادا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔