ہانگژو:بھارتیہ کھلاڑیوں نے ایشین گیمز میں شاندار کارکردگی کی بدولت چار دنوں میں ملک کے لیے 6 گولڈ میڈل جیت لیے ہیں۔ آج جمعرات کو بھی دن کا پہلا گولڈ میڈل بھارت کی جھولی میں آیا۔ بھارت نے 10 میٹر ایئر پسٹل میں گولڈ میڈل جیتا ہے۔سربجوت سنگھ، ارجن سنگھ چیما اور شیوا نروال کی تکڑی نے چینی ٹیم کو سخت مقابلے میں شکست دے دی۔ اس تکڑی نے شوٹنگ رینجز میں چوتھا گولڈ میڈل یقینی بنایا۔ بھارتیہ دستے نے 1734 کے مجموعی اسکور کے ساتھ چینی ٹیم کو ایک پوائنٹ کے قریب مارجن سے شکست دی۔ ویتنام نے 1730 کے اسکور کے ساتھ کانسے کا تمغہ اپنے نام کیا۔
آج صبح ووشو کھلاڑی روشیبینا دیوی نے 60 کلو گرام وزن میں سلور میڈل جیتا ہے۔ ایشیاڈ کی تاریخ میں ووشو میں بھارت کا یہ دوسرا سلور میڈل ہے۔ چین کی جیاؤ وی وو نے گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔ایشین گیمز کی تاریخ میں بھارت نے اب تک ووشو میں 10 تمغے جیتے ہیں جن میں 2 سلور اور 8 کانسے کے تمغے شامل ہیں۔ روشیبینا دیوی سے پہلے، سندھیا رانی دیوی نے 2010 میں گوانگزو میں خواتین کے 60 کلوگرام میں پہلا چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔ یہ روشیبینا دیوی کا ایشین گیمز میں دوسرا تمغہ ہے۔ اس سے قبل انہوں نے 2018 کے ایشین گیمز میں 60 کلوگرام وزن میں کانسے کا تمغہ جیتا تھا۔ بیڈمنٹن میں پی وی سندھو نے جیت کر بھارت کو 0-1 کی برتری دلائی ہے۔ بیڈمنٹن میں پی وی سندھو نے بھارتیہ خواتین ٹیم کو فاتحانہ آغاز دیا۔