دبئی: ہندوستان کے اسٹارآف اسپنر روی چندرن اشون آسٹریلیا کے خلاف بارڈر گواسکر ٹرافی میں نمبر ایک ٹیسٹ گیند باز بن گئے ہیں۔
بدھ کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین درجہ بندی کے مطابق، اشون 864 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ٹیسٹ گیند بازوں میں پہلے نمبر پر آ گئے، اس کے بعد انگلینڈ کے تیز گیند باز جیمز اینڈرسن (859) ہیں، جو گزشتہ ہفتے اس فہرست میں پہلے نمبر پر تھے۔ اشون نے پہلی بار 2015 میں ٹاپ ٹیسٹ گیند باز بننے کا کارنامہ انجام دیا تھا اور اس کے بعد سے کئی بار پہلے نمبر پر پہنچ چکے ہیں۔
اشون نے گزشتہ ہفتے دہلی میں آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں کل چھ وکٹیں لی تھیں ۔ انہوں نے پہلی اننگز میں مارنس لابوشین اور اسٹیو اسمتھ کو آؤٹ کرنے کے بعد ایلکس کیری کی وکٹ حاصل کی۔ دوسری اننگز میں انہوں نے اسمتھ اور میٹ رینشا کو آؤٹ کرنے کے علاوہ ٹریوس ہیڈ کی قیمتی وکٹ حاصل کی۔
دہلی ٹیسٹ میں ہندوستان کی جیت کے بعد جہاں اشون نے دوبارہ سرفہرست مقام حاصل کیا، وہیں ویلنگٹن میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں انگلینڈ کی ایک رن سے شکست کے بعد اینڈرسن دوسرے نمبر پر آ گئے۔ اینڈرسن نے ویلنگٹن ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں تین وکٹیں حاصل کیں، حالانکہ دوسری اننگز میں وہ ایک بھی کامیابی حاصل نہیں کر سکے۔