اسلام آباد: پاکستان کے ارشد ندیم نے جیولن تھرو کا ایک اور ریکارڈ اور نیا طلائی تمغہ اپنے نام کر لیا۔ ڈان میں شائع غیر ملکی خبر رساں ایجنسیوں کی رپورٹ کے مطابق کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے لیے جیولن تھرو میں طلائی تمغہ جیتنے کی بعد 25 سالہ ارشد ندیم نے اسلامی سولیڈیرٹی گیمز میں 88.55 میٹرز کی تھرو کے ساتھ ریکارڈ قائم کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔ Arshad Nadeem won gold medal at Islamic Solidarity Games
ترکی کے شہر قونیہ میں اسلامی سولیڈیرٹی گیمز میں ارشد ندیم شروع ہی سے ٹاپ پر رہے۔ گیمز میں 83.45 میٹر کا پچھلا ریکارڈ اپنے نام کرنے والے قطر کے احمد ماگور نے 74.28 میٹر کی تھرو کے ساتھ چاندی کا تمغہ جیتا جبکہ ایران کے علی فتحی گنجی نے 71.24 میٹر کے تھرو کے ساتھ کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ارشد نے یہ کارنامے کہنی کی چوٹ کے باوجود حاصل کیے ہیں جہاں گزشتہ سال ٹوکیو اولمپکس کے بعد سے وہ مسلسل اس کہنی کی انجری کی وجہ سے مسائل سے دوچار ہیں۔پہلی باری میں 79.40 کی تھرو کے بعد دوسری اور تیسری باری میں انہوں نے بالترتیب 82.40 میٹر اور 83.33 میٹر کی تھرو کیں جو اسلامک گیمز کی سب سے بڑی تھرو کا ریکارڈ ہے۔
اسلامی یکجہتی گیمز کا جاری پانچواں ایڈیشن ابتدائی طور پر پچھلے سال منعقد ہونا تھا لیکن کووڈ-19 کی وجہ سے اسے ملتوی کردیا گیا تھا۔ اتوار کو ارشد نے برمنگھم میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں 90.18 میٹر کی ریکارڈ تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل حاصل کیا تھا، ایسا کرتے ہوئے وہ اس کھیل میں 90 میٹر کا ہندسہ عبور کرنے والے دوسرے ایشیائی ایتھلیٹ بن گئے۔جولائی میں ارشد ندیم اوریگون میں عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں پانچویں نمبر پر رہے تھے۔