وانتا:سندھو نے منگل کو فن لینڈ کے ونتا میں انرجیا ایرینا 3 کے کورٹ پر کھیلے گئے بی ڈبلیو ایف سپر 500 ٹورنامنٹ کے خواتین کے سنگلز میچ میں جاپان کی اوکوہارا کو 21-13، 21-6 سے شکست دی سندھو آرکٹک اوپن بیڈمنٹن 2023 کے خواتین سنگلز کے راؤنڈ آف 32 میچ میں اوکوہارا کو شکست دے کر اگلے راؤنڈ میں پہنچ گئی ہیں۔ سندھو نے شاندار آغاز کیا اور بریک پر 11-6 کے اسکور کے ساتھ 5 پوائنٹس کی برتری حاصل کی۔ بریک کے بعد بھی، پی وی سندھو نے کھیل پر کنٹرول برقرار رکھا اور نوزومی کے خلاف کورٹ پر غلبہ حاصل کیا اور پہلی گیم 21-13 سے جیتی۔
دوسرے گیم میں بھی ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی نے اپنا شاندار سلسلہ جاری رکھا اور بریک تک 8 پوائنٹس کی زبردست برتری کے ساتھ اپنے جاپانی حریف پر دباؤ برقرار رکھا اور اوکوہارا کو کوئی موقع نہیں دیا اور دوسرا گیم 21-6 سے جیت لیا۔ قابل ذکر ہے کہ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان یہ 19 واں میچ تھا جس میں جیت کے ساتھ ہی ہندستانی کھلاڑی نوزومی اوکوہارا سے 10-9 سے آگے ہو گئی ہیں۔ دونوں لیجنڈری بیڈمنٹن کھلاڑی عالمی چیمپئن شپ کے فائنل میں دو بار آمنے سامنے ہو چکی ہیں جہاں دونوں نے ایک ایک بار کامیابی حاصل کی ہے۔
خواتین کے سنگلز کے ایک اور میچ میں آکرشی کشیپ نے بیلجیئم کی لیان ٹین کو سخت مقابلے میں 18-21، 22-20، 21-18 سے ہرا کر راؤنڈ آف 16 میں جگہ بنائی۔ اپنے راؤنڈ آف 32 میچ میں دنیا کے 40 نمبر کی بیلجیئم شٹلر کے خلاف پہلا گیم 18-21 سے ہارنے کے بعد بیڈمنٹن رینکنگ میں 41 ویں نمبر پر موجود ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی آکرشی کشیپ نے شاندار واپسی کی اور اگلے دو گیمز جیتے۔