لکھنؤ: آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن (اے آئی ٹی اے) نے ملک کے اسٹار کھلاڑی روہن بوپنا کو اعزاز سے نوازا۔ بوپنا ہفتہ اور اتوار کو لکھنؤ کے گومتی نگر کے وجینت کھنڈ منی اسٹیڈیم میں ورلڈ گروپ-2 کے پلے آف میں مراکش کے خلاف اپنا الوداعی میچ کھیلیں گے۔
ہندوستانی 43 سالہ تجربہ کار کھلاڑی نے گزشتہ ہفتے ایک نئی تاریخ رقم کی جب وہ یو ایس اوپن میں گرینڈ سلیم ڈبلز فائنل میں حصہ لینے والے سب سے معمر کھلاڑی بن گئے۔
اعزازی تقریب میں اے آئی ٹی اے کے صدر انیل جین، ہندوستان کے ڈیوس کپ کپتان روہت راجپال جو ہندوستانی اولمپک ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن بھی ہیں، اے آئی ٹی اے کے جنرل سکریٹری انیل دھوپر اور اے آئی ٹی اے کے دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ پروقار تقریب میں مراکش کے کھلاڑی بھی موجود تھے۔