نئی دہلی: آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن(اے آئی ایف ایف) نے بدھ کے روز ایک ریلیز میں کہا کہ تادیبی کمیٹی نے جماتیا کو ضابطہ کی دفعہ 62 کے تحت عمر میں دھوکہ دہی اور جعلسازی کا قصوروار پایا ہے۔ کمیٹی نے حکم نامے کی تاریخ سے چار سال تک اس کھلاڑی کو فٹ بال میچوں میں شرکت سے معطل کرنے کا فیصلہ کیا۔ ایوک کو ڈھائی لاکھ روپے جرمانہ بھی جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔اے آئی ایف ایف نے ریلیز میں کہا، "کھلاڑی کو کوڈ کے آرٹیکل 117 کے تحت موجودہ حکم کے خلاف اپیل دائر کرنے کا حق دیا گیا ہے۔
اے آئی ایف ایف نے مطلع کیا کہ مرکزی رجسٹریشن سسٹم(سی آر ایس) میں جماتیا کی دو مختلف تاریخ پیدائش والی دو آئی ڈی ہیں اور دونوں کے درمیان تقریباً آٹھ سال کا فرق ہے۔ فیڈریشن نے 8 فروری کو جماتیا کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا، جس کے جواب میں کھلاڑی نے قبول کیا تھا کہ اس نے اے آئی ایف ایف کو دو مختلف برتھ سرٹیفکیٹ جمع کرائے تھے۔ اس کے بعد ڈسپلنری کمیٹی نے کھلاڑی سے رابطہ کرنے کی کئی مرتبہ کوششیں کیں لیکن جماتیا سے رابطہ نہ ہوسکا۔