نئی دہلی: دوسری اننگ میں ویراٹ کوہلی کو چھوڑ کر دیگر کوئی بلے باز جنوبی افریقی گیندبازوں کا سمانا نہیں کر سکا۔ ویراٹ کوہلی 76 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دوسری اننگ میں کوہلی کے علاوہ شبھمن گل نمایاں اسکورر رہے جہنوں نے 26 رنوں کی پاری کھیلی۔
سنچورین ٹیسٹ میچ میں بھارت کو اننگز اور 32 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس شکست کے ساتھ ہی ہندوستان ٹیسٹ سیریز میں 0-1 سے پیچھے رہ گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان کا جنوبی افریقہ میں سیریز جیتنے کا خواب ایک بار پھر چکنا چور ہوگیا۔اب بھارت دوسرا ٹیسٹ میچ جیت کر ہی سیریز برابر کر سکتا ہے۔ دوسرا ٹیسٹ میچ 3 جنوری سے کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔
پہلی اننگز میں 163 رنز سے پیچھے رہنے کے بعد ہندوستانی بلے بازوں سے اچھی کارکردگی کی توقع تھی۔ تاہم ایسا نہ ہو سکا۔ دوسری اننگز میں بھارتی ٹیم کی اننگز شروع سے ہی ٹریک سے باہر نظر آئی، بھارتی بلے باز ایک ایک کرکے پویلین لوٹتے رہے۔ مجموعی طور پر، ہندوستان دوسری اننگز میں صرف 34.1 اوور ہی کھیل سکا اور اس کی پوری ٹیم 131 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔