ٹوکیو اولمپکس کی تیاری کر رہی بھارتی خواتین کی ہاکی ٹیم کو ارجنٹائنا بی ٹیم کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ارجنٹائنا کے بیونس آئرس میں سینارڈ اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ارجنٹائنا بی کی ٹیم نے بھارتی ٹیم کو 2-1 سے شکست دی۔
میچ میں سول پاجیلا نے 11 ویں میں ارجنٹائنا کی طرف سے اور آگستینا گورجیلانی نے 57 ویں منٹ میں ایک ایک گول اسکور کیا، جبکہ بھارت کی جانب سے میچ کے 54 ویں منٹ میں سلیمہ ٹی ٹی نے ایک گول کیا۔ 24 جنوری کو بھارتی ٹیم ایک بار پھر ارجنٹائنا بی ٹیم کے خلاف کھیلے گی۔ گزشتہ میچوں میں بھارت نے ارجنٹائنا کی جونیئر ٹیم کے ساتھ 2-2 اور 1-1 سے ڈرا کھیلا۔
میچ کے بعد بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ شوارڈ میرین نے کہا کہ ہم آج ارجنٹائنا کی مضبوط ٹیم کے خلاف کھیلے، جس میں ان کی سینئر ٹیم کے بہت سی کھلاڑی شامل تھیں۔ تاہم اگلے ہفتے سینئر ٹیم کے ساتھ میچ سے قبل یہ ایک اچھا پریکٹس میچ تھا۔