ممبئی:ویسٹ انڈیز کا دورہ 2023-25 ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی ) سائیکل میں ان کی پہلی سیریز ہو گی لیکن سلیکٹرز آسٹریلیا کے ہاتھوں ڈبلیو ٹی سی فائنل میں شکست کے بعد ٹیم میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں کر رہے ہیں۔ روہت شرما، شبھمن گل، وراٹ کوہلی اور اجنکیا رہانے ڈومینیکا اور ٹرینیڈاڈ میں ہونے والے دو ٹیسٹ میچوں میں شرکت کے لیے تیار ہیں، لیکن ٹیم میں چیتشور پجارا کی جگہ پر سوالیہ نشان ہے۔
پجارا، جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں طویل عرصے سے ہندوستان کے لیے تیسرے نمبر پر بیٹنگ کی ہے، 2020 سے اب تک 52 اننگز (28 ٹیسٹ) میں 29.69 کی مایوس کن اوسط سے صرف ایک سنچری اسکور کر پائے ہیں۔ دسمبر 2022 میں چٹاگانگ ٹیسٹ میں 90 اور 102 ناٹ آؤٹ کے اسکور کو ہٹانے سے، ان کی بیٹنگ اوسط 26.31 ہوجاتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق پجارا کا ٹیسٹ ٹیم سے باہر ہونا یقینی نہیں ہے لیکن یہ کہا جا سکتا ہے کہ الیون میں ان کی جگہ پائیدار نہیں رہی۔ اگر انہیں ویسٹ انڈیز کے دورے کے لیے بھی منتخب کیا جاتا ہے تو ان کے کھیلنے کا یقین نہیں ہے۔ کرک بز کے مطابق، ہندوستانی ٹیم انتظامیہ اس جگہ کے لیے جیسوال کو آزما سکتی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بی سی سی آئی ٹیم کی ساخت کو ایک ہی جھٹکے میں تبدیل کرنے کا تجربہ نہیں کرنا چاہتا اور روہت شرما کھیل کے طویل ترین فارمیٹ میں ہندوستان کی کپتانی جاری رکھیں گے۔ کرک بز نے بی سی سی آئی کے ایک ذرائع کے حوالے سے کہا، "ہر ٹیسٹ اہم ہوتا ہے، اور اس کا نتیجہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل میں تعاون دیتا ہے۔ ہم ٹیسٹ میچ میں تجربہ نہیں کر سکتے۔"