ممبئی:بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) اگلے سال دیوالی کے آس پاس ویمنز پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل) منعقد کرنے پر غور کر رہا ہے۔ تہوار کے موسم میں ڈبلیو پی ایل کا انعقاد بھارتی مردوں کی ٹیم کے بین الاقوامی میچوں سے ٹکراؤ ہوسکتا ہے، لیکن بی سی سی آئی کا بنیادی مقصد ڈبلیو پی ایل اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے درمیان فرق کو برقرار رکھنا ہے۔ اس سال ڈبلیو پی ایل کے 26 مارچ کو ختم ہونے کے صرف پانچ دن بعد آئی پی ایل 31 مارچ کو شروع ہوا۔ کرک بز کی ایک رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی آئی پی ایل کی طرح ڈبلیو پی ایل میں 'ہوم اینڈ اوے' فارمیٹ متعارف کرائے گا جس کے مطابق ٹیمیں اپنے لیگ کے آدھے میچ ہوم گراؤنڈ پر کھیلیں گی اور لیگ کے باقی میچ اپوزیشن کے شہر میں۔
کرک بز نے جے شاہ کے حوالے سے جمعہ کو کہاکہ "ہم دیوالی کے آس پاس ہوم اینڈ اوے فارمیٹ میں ڈبلیو پی ایل کے انعقاد کے امکان کو دیکھ رہے ہیں۔ ایک سال میں دو (ڈبلیوپی ایل) سیزن نہیں ہوں گے، مختلف اوقات میں صرف ایک سیزن ہوگا۔" شاہ نے کہاکہ "خواتین کی کرکٹ کے پاس اب ناظرین کی ایک تعداد ہے۔ یہ تعداد مستقبل میں بھی بڑھتی رہے گی کیونکہ ہم اگلے ڈبلیو پی ایل میں زیادہ سے زیادہ پرجوش ناظرین کے منتظر ہیں۔" براڈکاسٹ آڈینس ریسرچ کونسل (بی اے آر سی) کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے شاہ نے کہا کہ ڈبلیو پی ایل کا پہلا ایڈیشن پانچ کروڑ سے زیادہ ناظرین تک پہنچنے میں کامیاب رہا۔