نئی دہلی: مردوں کے آئی پی ایل کے بعد اب خواتین کا آئی پی ایل بھی دھوم مچانے کے لیے تیار ہے۔ ویمنز پی ایل میں ملک و بیرون ملک کی کھلاڑی شائقین کرکٹ کو محظوظ کرتے نظر آئیں گے۔ پہلی بار منعقد ہونے والے ویمنز پی ایل کے لیے خواتین کھلاڑیوں کی نیلامی 13 فروری کو ممبئی کے جیو ورلڈ کنونشن سینٹر میں منعقد ہوگی۔ جس میں فرنچائزز اپنی ٹیموں کے لیے کھلاڑیوں کی بولیاں لگائیں گی۔ بی سی سی آئی نے فرنچائز مالکان سے بات کرنے کے بعد نیلامی کی تاریخ طے کی ہے۔
متحدہ عرب امارات میں جاری انٹرنیشنل لیگ T20 اور جنوبی افریقہ کی SA20 لیگ 12 فروری کو ختم ہو رہی ہے۔ اس کے بعد کھلاڑیوں کی نیلامی کی جائے گی۔ WPL کے لیے نیلامی میں کھلاڑیوں کو خریدنے کے لیے ہر ٹیم کو 12 کروڑ روپے کا پرس ملے گا یعنی کھلاڑیوں کی خریداری کے لیے ایک ٹیم کے پاس بارہ کروڑ روپے ہوں گے۔ ہر برس پرس میں ڈیڑھ کروڑ روپے کا اضافہ کیا جائے گا۔