بنگلورو: پاکستان کرکٹ ٹیم کے زیادہ تر کھلاڑی بنگلورو پہنچنے کے بعد وائرل بخار سے متاثر ہوگئے۔ تاہم اب ان میں سے اکثر صحت یاب ہو چکے ہیں لیکن کچھ اب بھی طبی نگرانی میں ہیں۔ پاکستانی ٹیم احمد آباد میں روایتی حریف بھارت کے خلاف سات وکٹوں سے شکست کے بعد کرناٹک کے دارالحکومت بنگلورو پہنچی ہے کیونکہ پاکستان اپنا اگلا میچ جمعہ یعنی 20 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے میڈیا منیجر احسن افتخار نے کہا کہ کچھ کھلاڑیوں کو پچھلے کچھ دنوں میں بخار ہوا تھا اور ان میں سے اکثر اس سے مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں۔جو لوگ صحت یاب ہونے کے مرحلے میں ہیں وہ میڈیکل ٹیم کی نگرانی میں ہیں۔ احسن نے منگل کو خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے ذریعہ کہا کہ پاکستان کے کپتان بابر اعظم اور فاسٹ بولر شاہین آفریدی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔