نئی دہلی: آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کا آغاز 5 اکتوبر کو ہوا تھا لیکن اس وقت اس کی افتتاحی تقریب کا انعقاد نہیں کیا گیا تھا، جس کی وجہ سے اس تعلق سے سوشل میڈیا پر بی سی سی آئی اور آئی سی سی کو کافی زیادہ تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ تاہم اس وقت بی سی سی آئی نے کہا تھا کہ چونکہ ہم نے افتتاحی تقریب کا اہتمام ہی نہیں کیا تھا اس لیے اسے منسوخ کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
اس کے بعد شائقین کو بہت مایوسی ہوئی کیونکہ وہ کرکٹ کے تہوار سے قبل ستاروں سے سجا ایک رنگا رنگ پروگرام دیکھنا چاہتے تھے، لیکن اب خبر آ رہی ہے کہ ورلڈ کپ 2023 کی افتتاحی تقریب 14 اکتوبر کو احمد آباد میں منعقد ہوگی۔
دراصل بھارت اور پاکستان کے درمیان میچ 14 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جانا ہے۔ بھارت اور پاکستان کے درمیان اس مہا سنگرام سے قبل احمد آباد میں ایک رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ جس کو ورلڈ کپ 2023 کی افتتاحی تقریب بھی کہا جا سکتا ہے یا پاک بھارت جیسے بڑے میچ سے پہلے ایک شاندار موسیقی کی تقریب۔