دھرم شالہ: آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کا اگلا میچ پانچ مرتبہ کی عالمی چمپیئن آسٹریلیا کے خلاف 28 اکتوبر کو دھرم شالہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ جس کے لیے نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلے سے ہی دھرم شالہ میں موجود ہے۔ اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے منگل کے روز نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں نے میکلوڈ گنج میں تبت کے روحانی پیشوا دلائی لامہ سے ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق صبح تقریباً 8 بجے نیوزی لینڈ ٹیم کے کھلاڑیوں کو سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان ہوٹل سے دھرم شالہ کے میکلوڈ گنج لے جایا گیا۔ جہاں نیوزی لینڈ ٹیم کے کھلاڑیوں نے تبت کے مذہبی رہنما دلائی لامہ سے ملاقات کی۔ کھلاڑیوں نے دلائی لامہ سے کافی دیر تک بات چیت کی۔ اس کے ساتھ ہی مذہبی رہنما دلائی لامہ نے بھی نیوزی لینڈ ٹیم کے کھلاڑیوں کو آشیرواد دیتے ہوئے نیوزی لینڈ کے آئندہ میچ جیتنے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔