دہلی: آسٹریلیا جے اسٹار آل راؤنڈر گلین میکسویل نے نئی دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں نیدرلینڈز کے خلاف ورلڈ کپ میچ میں تیز ترین سنچری بنا کر تاریخ رقم کردی۔ میکسویل نے صرف 40 گیندوں میں سنچری بنا کر ونڈے ورلڈ کپ کی تیز ترین سنچری کا ریکارڈ اپنے نام درج کرا لیا ہے۔ میکسویل نے جنوبی افریقہ کے بلے باز ایڈن مارکرم کے ریکارڈ کو توڑا ہے جنہوں نے سری لنکا کے خلاف 49 گیندوں میں سنچری بنائی تھی۔ 35 سالہ آسٹریلوی بلے باز کی تیز رفتار سنچری میں نو چوکے اور آٹھ چھکے شامل تھے اور اسٹرائیک ریٹ 240.90 کا تھا۔ میکسویل کا یہ تاریخی لمحہ آسٹریلیا کی اننگز کے 49ویں اوور میں آیا۔
آئی سی سی ورلڈ کپ کے 24 ویں میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا نے نیدرلینڈز کے سامنے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 399 رن بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے اسٹیون اسمتھ کے 71، لابوشین کے 62 اور ڈیوڈ وارنر کے 104 رنز نمایاں تھے لیکن آخیر میں گلین میکس ویل نے44 گیندوں پر نو چوکوں اور آٹھ چھکوں کی مدد سے 106 رنوں کی جارحانہ اننگ کھیل کر اسکور کو 400 سو تک پہنچا دیا۔