نئی دہلی: جنوبی افریقہ میں جاری خواتین کی سہ فریقی سیریز میں بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔ اس ٹورنامنٹ کے تیسرے میچ میں بھارت کی خواتین ٹیم نے ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیم کو شکست دی۔ اس میچ کی جیت کے بعد ٹیم انڈیا نے ٹورنامنٹ میں اپنی پوزیشن مزید مضبوط کر لی ہے۔ ٹیم انڈیا نے ویسٹ انڈیز کو 56 رن سے شکست دی۔ ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے بھارت نے 20 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنائے۔ 168 رنز کا ہدف پورا کا تعاقب کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر صرف 111 رنز ہی بنا سکی۔ 23 جنوری کو کھیلے گئے میچ میں ٹیم انڈیا کو جیت دلانے والی اسمرتی مندھانا نے 74 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف جیت کے بعد ٹیم انڈیا 4 پوائنٹس کے ساتھ اپنی پہلی پوزیشن پر برقرار ہے۔ اس کے ساتھ ہی ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپنے تمام میچ ہارنے کے بعد آخری نمبر پر ہے۔ اس پوائنٹس ٹیبل پر میزبان ٹیم دو پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ بھارت اس سیریز میں اب تک ایک بھی میچ نہیں ہارا ہے۔ اب بھارت کا اگلا میچ جنوبی افریقہ کے خلاف ہے۔ اگر بھارتی ٹیم یہ میچ جیت جاتی ہے تو وہ فائنل میں جانے والی پہلی ٹیم بن جائے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اگلا میچ 28 جنوری کو کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد بھارت کا آخری گروپ میچ 30 جنوری کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلا جائے گا۔