دبئی:پاکستان ایشیا کپ 2023 سے جلد باہر ہونے اور فائنل میں سری لنکا کے خلاف ہندوستان کی زبردست جیت کے باوجود نمبر 1 پر برقرار ہے۔ جنوبی افریقہ سے سیریز ہارنے کے بعد آسٹریلیا نے بھی رینکنگ میں ٹاپ پر پہنچنے کا موقع گنوا دیا۔ میزبان ٹیم کی واپسی سے قبل آسٹریلیا سیریز میں 2-0 سے آگے تھی، اس سے قبل میزبان ٹیم نے زبردست واپسی کی اور لگاتار تین میچ جیت کر سیریز جیت لی۔
آئی سی سی کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فائنل سے قبل بنگلہ دیش سے ہارنے سے ہندوستان کے رینکنگ میں ٹاپ پر پہنچنے کے امکانات کم ہو گئے اور سری لنکا کے خلاف محض چھ اووروں میں ریکارڈ توڑ جیت بھی ہندوستانی ٹیم کو ٹاپ پر نہیں پہنچا سکی۔ ہندوستان اس وقت دوسرے نمبر پر ہے اور اگر وہ 22 ستمبر سے شروع ہونے والی سیریز میں آسٹریلیا کے خلاف اپنے گھریلو میدان پرجیت جاتا ہے تو وہ درجہ بندی میں ٹاپ پر پہنچنے کی پوزیشن میں آسکتاہے۔ اگر ہندوستان آسٹریلیا کے خلاف پہلا ون ڈے جیت جاتاہے تو وہ پاکستان کو پیچھے چھوڑ کر کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں نمبر ون ٹیم بن جائے گا۔
روہت شرما کی قیادت میں ٹیم نے ایشیا کپ میں شاندار جیت درج کی ہے۔ میزبان ٹیم اگلے ہفتے جمعہ تک موہالی میں پہلے ون ڈے میں آسٹریلیا کو شکست دے کر نمبر 1 پوزیشن تک پہنچنے کی پوری کوشش کرے گی۔ آسٹریلیائی کپتان پیٹ کمنز کی ٹیم کے خلاف ہندوستان کی آئندہ تین میچوں کی سیریز اس بات کا فیصلہ کرنے میں اہم ثابت ہو سکتی ہے کہ کون سی ٹیم عالمی کپ میں نمبر ایک کی رینکنگ کے ساتھ داخل ہوگی۔ اگر ہندوستان آسٹریلیا سے سیریز ہار جاتا ہے تو پاکستان ورلڈ کپ کے لیے ٹاپ رینکنگ ٹیم ہی رہے گا۔ اس کے برعکس اگر ہندوستان آسٹریلیا سے3-0سے ہارتا ہے تو وہ تیسری پوزیشن پر کھسک جائے گا اور آسٹریلیائی ٹیم ٹاپ پر پہنچ جائے گی۔