احمدآباد: آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے بعد جب پورا ملک افسوس کا اظہار کر رہا تھا اسی وقت وزیراعظم نریندر مودی بھارتی کرکٹ ٹیم کے ڈریسنگ روم میں گئے۔ انہوں نے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر محمد شامی نے ایکس پر اس کی جانکاری دیتے ہوئے تصویر شئیر کی۔
تصویر میں وزیر اعظم نریندر مودی محمد شامی کو اپنے گلے سے لگاکر ان کی حوصلہ افزائی کی۔ محمد شامی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر مودی کی طرف سے تسلی اور گلے ملنے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ بدقسمتی سے کل ہمارا دن نہیں تھا۔ میں تمام بھارتیوں کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جنھوں نے پورے ٹورنامنٹ میں ہماری ٹیم اور مجھے سپورٹ کیا۔ خاص طور پر پی ایم مودی کا شکریہ جنھوں نے ڈریسنگ روم میں ہمارا حوصلہ بلند کرنے تشریف لائے۔
اسپنر رویندرا جڈیجہ نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ہم نے ایک زبردست ٹورنامنٹ کھیلا لیکن ہم کل اسے کامیابی کے ساتھ ختم نہیں کرسکے۔ ہم سب کے دل ٹوٹے ہوئے ہیں لیکن ہمارے لوگوں کا سپورٹ ہمیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ کل وزیراعظم مودی کا ڈریسنگ روم کا دورہ کرنا ہامرے لیے خاص اور بہت حوصلہ افزا تھا۔