لاہور: پاکستانی قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کا کہنا ہے کہ قرآن پاک اللہ سبحان تعالیٰ کی طرف سے پوری انسانیت کے لیے رہنمائی ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں محمد رضوان نے لکھا کہ ہر مسلمان نے قرآن پاک کی آیات کو اپنے دل میں محفوظ کر رکھا ہے اور اس قدر محفوظ چیز کو نقصان پہنچانا صرف اس وقت ہی ممکن ہو سکتا ہے جب اس کا محافظ اسے دل سے نکال دے۔ محمد رضوان کا کہنا تھا قرآن پاک کی بے حرمتی تو دور کی بات کوئی ایسا سوچ بھی نہیں سکتا۔ وکٹ کیپر بلے باز کا کہنا تھا ہم تمام مذاہب کا احترام کرتے ہیں اور جو اس دنیا میں لوگوں کی رہنمائی کے لیے آیا ہے، ان مذاہب کے ماننے والوں کے جذبات اپنے مذہب سے جڑے ہوتے ہیں اور ہم بھی دوسروں سے اسی کی درخواست کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ عید الاضحیٰ کے روز سویڈن میں ایک ملعون شخص نے مسجد کے سامنے پولیس کی نگرانی میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی تھی جس کے خلاف دنیا بھر کے مسلمانوں نے آواز اٹھائی تھی اور اسلامی تعاون کی تنظیم (او آئی سی) نے بھی قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ملعون شخص کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔ اس کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف کی درخواست پر ملک بھر میں 7 جولائی کو یوم تقدیس منایا گیا تھا۔