نئی دہلی: ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے آٹھویں سیزن میں بھی بھارت کا ورلڈ کپ جیتنے کا خواب پورا نہیں ہوسکا۔ ہرمن پریت کور کی کپتانی میں بھارتی ٹیم پانچ بار کی چمپئن آسٹریلیا سے سنسنی خیز مقابلے میں پانچ رنز سے ہار گئی۔ اس شکست کی ایک وجہ ہرمن پریت کا رن آؤٹ ہونا تھا۔ وہ میچ کے 15ویں اوور میں آؤٹ ہو گئیں لیکن وہ جس طرح سے رن آوٹ ہوئیں اس پر سوال اٹھ رہے ہیں۔ کیونکہ جب وہ آؤٹ ہوئی تو ان کا بیٹ کِریز کے باہر ہی رہ گیا تھا جبکہ وہ آسانی سے کریز لائن میں پہنچ سکتی تھیں، ویڈیو میں ایسا دکھ رہا ہے کہ شاید ان کا بیٹ زمیں میں کریز سے کچھ انچ پہلے پھنس گیا ہو۔
آسٹریلیا کے 173 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ہرمن پریت کور نے شاندار بلے بازی کی۔ انہوں نے 34 گیندوں پر 52 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ہرمین نے اننگز کے دوران چھ چوکے اور ایک چھکا بھی لگایا۔ لیکن 15ویں اوور کی چوتھی گیند پر وہ دو رنز لینے کے دوران اپنی وکٹ گنوا بیٹھی۔ اگر ہرمن پریت کا بیٹ آگے ہوتا تو وہ آؤٹ ہونے سے بچ سکتی تھیں۔ نہ ہی اس نے ڈائیو لگانے کی کوشش کی۔ تاہم آؤٹ ہونے کے بعد انہوں نے اپنا سارا غصہ بلے پر ہی نکال دیا۔ انہوں اپنے بلے کو زمین پر مارا۔