کولکتہ: بھارتی ٹیم کے تجربہ کار بلے باز ویراٹ کوہلی نے آج اپنی سالگرہ کے موقع پر ایڈن گارڈن اسٹیڈیم میں جنوبی افریقہ کے خلاف ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی 49ویں سنچری بنا کر سچن تنڈولکر کے سب سے زیادہ سنچری کے ریکارڈ کی برابری کر دی۔ اس ورلڈ کپ میں کوہلی کی یہ دوسری سنچری ہے۔ اس سے قبل انہوں نے بنگلہ دیش کے خلاف اپنی 48ویں ون ڈے سنچری مکمل کی تھی۔ ویراٹ کوہلی نے یہ سنچری 119 گیندوں میں مکمل کی۔ کپتان روہت شرما 31 سنچریوں کے ساتھ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔
اس تاریخی اننگز کے بعد کوہلی نے کہا کہ اس وکٹ پر بیٹنگ کرنا مشکل تھا۔ 10ویں اوور کے بعد گیند نے پکڑنا اور گھومنا شروع کر دیا، اس کی رفتار کم ہو گئی اور پھر میرا کردار میرے ارد گرد کھیلنے والے دوسرے لوگوں کے ساتھ لمبی بلے بازی کرنا تھا اور ٹیم انتظامیہ نے مجھے یہی بتایا۔ واضح رہے کہ کوہلی ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے کم اننگز میں 49 سنچریاں بنانے والے بلے باز بن گئے ہیں۔ کوہلی نے 277 اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا جبکہ سچن نے 451 اننگز میں 49 سنچریاں اسکور کی تھیں۔
کوہلی کے بین الاقوامی کرکٹ میں ریکارڈ 49 ویں سنچری مکمل کرتے ہی انوشکا شرما نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر کوہلی کی تصویر کے ساتھ انہیں مبارکباد دیتے ہوئے لکھا ’ اپنی سالگرہ پر خود کو سنچری کی شکل میں تحفہ۔ سچن تنڈولکر نے ویراٹ کوہلی کو مبارکباد دیتے ہوئے ایکس پر لکھا کہ ویراٹ نے شاندار کھیلا، مجھے 49 سے 50 تک جانے میں 365 دن لگ لگے لیکن مجھے امید ہے کہ آپ 49 سے 50 اگلے چند دنوں میں پہنچ جائیں گے اور میرا ریکارڈ توڑ دیں گے، مبارک ہو۔
کوہلی کی بہن بھاونا نے بھی ان کے لیے اپنی محبت کا اظہار ایک سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے کیا ہے، بھاونا نے انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ جب آپ عظیم اور بہترین بننے کے لیے پیدا ہوتے ہیں تو میں کیا کہہ سکتی ہوں؟ یہ ناقابل یقین ہے، ویراٹ! اس سنچری کے ساتھ آپ کی سالگرہ اور بھی خاص ہوگئی۔ اسے جاری رکھیں اور بھگوان آپ کو خوش رکھے۔ سالگرہ مبارک"