نئی دہلی: بھارتی ٹیم کے اسٹار کرکٹر ویراٹ کوہلی نے ایک اور بڑا کارنامہ انجام دے دیا۔ ویراٹ کوہلی 31 دسمبر کی رات کو ایتھلیٹ آف دی ایئر منتخب ہوئے اور انہوں نے لیونل میسی کو شکست دے کر یہ کارنامہ انجام دیا۔ اس ایوارڈ کے لیے 5 لاکھ لوگوں نے ووٹ دیا تھا۔ جس میں ویراٹ کوہلی کو 78 فیصد اور میسی کو صرف 22 فیصد ووٹ ملے۔ پیوبیٹی اسپورٹ نے یہ اعلان 31 دسمبر کی رات کیا ہے۔
ایتھلیٹ آف دی ایئر ایوارڈ 2023 کے لیے کوہلی کا مقابلہ نوواک جوکووچ، پیٹ کمنز،کارلوس الکاراز، لیبرون جیمز، میکس ورسٹاپن اور لیونل میسی جیسے عظیم ایتھلیٹس سے تھا۔ آخر میں اس کے لیے ویراٹ کوہلی اور میسی کا انتخاب کیا گیا۔ارجنٹینا کے فٹبال اسٹار میسی کچھ عرصہ قبل ٹائمز ایتھلیٹ آف دی ایئر منتخب ہوئے تھے۔ جس کی وجہ سے کوہلی کا اس ایوارڈ کا راستہ مشکل دکھائی دے رہا تھا، لیکن انھوں نے میسی کو پیچھے چھوڑ دیا۔