پورٹ آف اسپین: بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کا دوسرا دن وراٹ کوہلی کے ریکارڈز کے نام رہا۔ کوہلی نے ٹیسٹ سنچریوں کے آل ٹائم عظیم بلے باز سر ڈونلڈ بریڈمین کے ریکارڈ کی برابری کی۔ وہ اپنے 500ویں بین الاقوامی میچ میں سنچری بنانے والے پہلے بلے باز بن گئے اور 76 بین الاقوامی سنچریاں بنانے والے تیز ترین کھلاڑی بھی بن گئے۔ انہوں نے سچن تیندولکر کو پیچھے چھوڑ دیا۔ کوہلی نے پورٹ آف اسپین میں جاری میچ میں 121 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز کے دم پر ٹیم انڈیا نے 400 رنز کا ہندسہ عبور کیا اور ویسٹ انڈیز پر اپنی گرفت مضبوط کی۔
کوہلی اپنے کیریئر کے 500ویں میچ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ انہوں نے 121 رنز کی اننگز کھیلی۔ یہی نہیں بلکہ کوہلی اپنے 500ویں میچ میں سنچری بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔ ان سے پہلے کوئی کھلاڑی اپنے 500ویں میچ میں نصف سنچری بھی نہیں بنا سکا۔ کوہلی کے بعد کمار سنگاکارا نے 500ویں میچ میں 48 رنز بنائے۔ سری لنکا کے بلے باز نے یہ اننگز مارچ 2013 میں بنگلہ دیش کے خلاف ایک ون ڈے میں کھیلی تھی۔ کوہلی 500 بین الاقوامی میچوں میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بلے باز بن گئے۔ انہوں نے لیجنڈری سچن تیندولکرکا ریکارڈ توڑ دیا۔ کوہلی نے 76 سنچریاں بنائیں جبکہ سچن نے 500 میچوں تک 75 سنچریاں اسکور کیں۔ بین الاقوامی کرکٹ میں وراٹ سے زیادہ سنچریاں صرف سچن (100 سنچریاں) نے بنائی ہیں۔ اس کے لیے انہوں نے 664 بین الاقوامی میچ کھیلے۔