نئی دہلی: بھارتی ٹیم کے اسٹار کرکٹر ویراٹ کوہلی کی مقبولیت کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔ عالمی کرکٹ میں ویراٹ کوہلی ایک ایسے کھلاڑی کا نام ہے جو نہ صرف بھارت بلکہ پوری دنیا کے لوگوں کے دلوں پر راج کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کوہلی کا نام روزانہ کسی نہ کسی سرخی کا حصہ بنتا ہے۔کرکٹ میں ویراٹ کوہلی نے کئی عظیم کھلاڑیوں کے ریکارڈ توڑے اور کئی ریکارڈز کی برابری بھی کی۔
اب ویراٹ کوہلی نے کرکٹ کے میدان سے باہر بھی ایک کارنامہ اپنے نام کر لیا ہے۔ ویراٹ کوہلی ایشیا میں گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے ایتھلیٹ بن گئے ہیں۔ سال 2023 میں اگر گوگل پر کسی کھلاڑی کا نام ایشیا میں سب سے زیادہ سرچ کیا گیا ہے تو وہ ویراٹ کوہلی ہیں لیکن دنیا میں سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے کھلاڑیوں میں ویراٹ کوہلی کا نام پانچویں نمبر پر ہے۔