اندور: بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلی جارہی بارڈر گواسکر ٹرافی کا تیسرا میچ یکم مارچ سے ہولکر اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ اس میچ کے لیے ہندوستانی کھلاڑی اندور پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ ہفتہ کی دوپہر تک سابق ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی اور ٹاپ آرڈر بلے باز شبمن گل اندور پہنچ گئے۔ شام تک، باقی کھلاڑی بھی پہنچ جائیں گے، کیونکہ ٹیم انڈیا کا اتوار کی دوپہر کو پریکٹس سیشن ہے۔ ٹیم انڈیا کے سلامی بلے باز کے ایل راہل پہلے دو ٹیسٹ میچوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر پائے ہیں۔
انہوں نے پچھلی تین اننگز میں صرف 18 رنز بنائے ہیں۔ ایسے میں قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ اندور ٹیسٹ میں کے ایل راہل کی جگہ شبمن گل کپتان روہت شرما کے ساتھ اننگز کا آغاز کر سکتے ہیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق آسٹریلوی ٹیم کے کھلاڑی اتوار کو اندور پہنچیں گے۔ کپتان پیٹ کمنز اور ڈیوس وارنر سمیت ٹیم کے 6 کھلاڑی انجری اور دیگر وجوہات کے باعث وطن واپس لوٹ گئے ہیں۔ ایسی صورت حال میں ٹیم کی ذمہ داری اسٹیو اسمتھ، مارنس لیبوشین اور نیتھن لیون کے کندھوں پر ہو گی۔ اس کے ساتھ ساتھ فاسٹ باؤلنگ کی کمان مچل اسٹارک کے ہاتھ میں ہوگی۔