بھارت کے سابق آل راؤنڈر وینو مینکڈ اور سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگاکارا سمیت 10 کھلاڑیوں کو آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل کیا گیا ہے۔ آئی سی سی نے اتوار کے روز اپنی ویب سائٹ پر کہا کہ 10 کھلاڑیوں کو آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل کیا گیا ہے۔
ان میں سری لنکا کے عظیم بلے باز سنگاکارا بھی شامل ہیں۔ سنگاکارا کی کپتانی میں سری لنکا ورلڈ کپ 2011 کے فائنل میں بھی پہنچا تھا، حالانکہ ٹیم کو بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ سنگاکارا ایک بہترین بلے باز ہونے کے ساتھ ساتھ ایک بہترین وکٹ کیپر بھی تھے۔
وینو مینکڈ نے 44 ٹیسٹ میچوں میں 31.47 کی اوسط سے 2,109 رن بنائے جب کہ 162 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ ایک افتتاحی بلے باز اور دھیمی رفتار سے بائیں ہاتھ کے آرتھوڈوکس گیند باز مینکڈ کو بھارت کے عظیم آل راؤنڈروں میں سے ایک شمار کیا جاتا ہے۔
ان کا سب سے مشہور کارنامہ 1952 میں لارڈس میں انگلینڈ کے خلاف تھا جب انہوں نے 72 اور 184 رن بنائے تھے اور میچ میں 97 اوورس پھینکے۔ وہ اپنے ٹیسٹ کیریئر کے دوران ہر پوزیشن پر بیٹنگ کرنے والے صرف تین کرکٹروں میں سے ایک ہیں۔ بعد میں انہوں نے اپنے ملک کے ایک اور عظیم کرکٹر اور آئی سی سی ہال آف فیم کے ممبر سنیل گواسکر کی کوچنگ بھی کی۔
سابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور بلے باز سچن تیندولکر نے آئی سی سی ہال آف فیم میں سابق بھارتی کرکٹر وینو مینکڈ کو شامل کئے جانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے، انھیں بھارتی کرکٹ کی تاریخ میں ایک بہترین کرکٹر قرار دیا ہے۔