پرتھ: آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران جب عثمان خواجہ بیٹنگ کرنے کریز پر آئے تو انہوں نے اپنے بازو پر سیاہ پٹی باندھ رکھی تھی۔ کرکٹر نے غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم کے خلاف فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے بازو پر سیاہ پٹی باندھی جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔
قبل ازیں ٹیسٹ میچ سے قبل ٹریننگ سیشن کے دوران عثمان خواجہ کی جانب سے فلسطین کے حمایتی پیغام والے جوتے پہننے کا معاملہ گردش کررہا تھا جس پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور آسٹریلوی بورڈ نے بھی ردعمل دیا تھا۔
آسٹریلیا کے لیے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے پہلے مسلمان کرکٹر عثمان خواجہ نے رواں ہفتے کے اوائل میں ٹیسٹ میچ کی ٹریننگ کے دوران جو جوتے پہنے ان پر ’تمام زندگیاں برابر ہیں‘، ’آزادی ہر انسان کا حق ہے‘ کے نعرے درج تھے۔ رپورٹ کے مطابق کرکٹر نے بتایا تھا کہ وہ پرتھ میں آج پاکستان کے خلاف ہونے والے ٹیسٹ میچ کے دوران یہی جوتے پہننے کا ارادہ رکھتے ہیں۔