جمیکا:یوسین لیو بولٹ 21 اگست 1986 کو جمیکا کے ایک چھوٹے سے قصبے ٹریلونی کے شیروڈ کونٹینٹ میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد کا نام ویلزلی بولٹ اور والدہ کا نام جینیفر بولٹ ہے۔ یوسین بچپن میں اپنا فارغ وقت بہن بھائیوں کے ساتھ گلیوں میں کرکٹ اور فٹ بال کھیل کر گزارتے تھے۔
یوسین نے اپنی ابتدائی تعلیم گاؤں کے ہی ایک سرکاری اسکول سے مکمل کی۔ اسکول میں پڑھتے ہوئے بولٹ نے پہلی بار کسی ریس میں حصہ لیا اور اس ریس میں اس نے سب سے تیز دوڑ لگائی۔ اس وقت بولٹ کی عمر صرف 12 سال تھی۔ بولٹ کا خیال تھا کہ وہ صرف کھیلوں میں ہی اپنا کریئر بنائیں گے لیکن ابھی یہ فیصلہ ہونا باقی تھا کہ وہ کس کھیل میں اپنا کیرئیر بنانا چاہتے ہیں؟ کیونکہ بولٹ کو کرکٹ اور فٹ بال کھیلنا پسند تھا، یہ دونوں ان کے پسندیدہ کھیل تھے۔
ان کے کرکٹ کوچ نے انہیں دوڑنے کی کوشش کرنے کا مشورہ دیا۔اس اسکول میں ہی یوسین نے بطور اسپرنٹر اپنی صلاحیت کو دیکھا۔ اسی تعلیمی ادارے میں یوسین نے 100 میٹر دوڑ کر مقابلہ جیتا تھا۔ یوسین نے بعد میں 200 میٹر ریس میں حصہ لیا۔
یوسین بولٹ کا خود کا کہنا ہے کہ جب وہ چھوٹے تھے تو وہ کھیلوں کے علاوہ کچھ نہیں سوچا کرتے تھے۔ اس لیے انہوں نے بچپن میں ہی کھیلوں میں اپنا مستقبل بنانے کا فیصلہ کر لیا تھا۔محض15 سال کی عمر میں، بولٹ نے پہلی بار جمیکا کے لیے 2001 کے 'کیریبین علاقائی مقابلے' میں حصہ لیا۔ اس مقابلے میں بولٹ نے 200 میٹر اور 400 میٹر میں چاندی کے تمغے جیتے۔
میک نیل جلد ہی ان کے بنیادی کوچ بن گئے، اور اگلے ہی سال 2002 کی عالمی جونیئر چیمپئن شپ میں، انہوں نے ایک طلائی سمیت کل تین تمغے جیتے ۔ یہ ان کا پہلا بین الاقوامی تمغہ تھا۔ اگلے سال2003 میں، بولٹ نے 'ورلڈ یوتھ چیمپئن شپ' میں حصہ لیا اور 200 میٹر ریس میں جمیکا کے لیے گولڈ میڈل جیتا۔
یوسین بولٹ نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ 100 میٹر اور 200 میٹر اور 100*4 میٹر ریلے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا۔ اس کے پاس ان تینوں ریسوں کا اولمپک ریکارڈ ہے۔