ممبئی: کرن ناوگیرے (52) اور گریس ہیرس (ناٹ آؤٹ 59) کی دھماکہ خیز نصف سنچریوں کی بدولت یوپی واریئرز نے اتوار کو ویمنز پریمیئر لیگ کے ایک سنسنی خیز میچ میں گجرات جائنٹس کو تین وکٹوں سے شکست دی۔ گجرات نے واریئرز کے سامنے 170 رنز کا ہدف رکھا جسے واریئرز نے 19.5 اوور میں حاصل کر لیا۔ ناوگیرے نے 43 گیندوں پر پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 53 رنز بنائے، حالانکہ ان کے آؤٹ ہونے کے وقت واریئرز ہدف سے کافی دور تھا۔ واریئرز نے جب 18 گیندوں پر 53 رن درکار تھے، تب ہیرس نے بظاہر ناممکن ہدف کو مضحکہ خیز بناتے ہوئے تابڑ توڑ بلے بازی کی۔
گریس ہیرس نے 26 گیندوں پر سات چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 59 رنز کی اننگز کھیلی اور چھکا لگا کر واریئرز کو ایک گیند باقی رہتے ہدف تک پہنچا دیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی وارئیرس نے دو پوائنٹس حاصل کیے جبکہ گجرات دو میچوں میں دو شکستوں کے بعد اپنا کھاتہ نہیں کھول سکی۔ اس سے قبل گجرات جائنٹس نے ہرلین دیول کے 46 رن کی اننگز کی بدولت ویمنز پریمیئر لیگ میں یوپی واریئرز کے سامنے 170 رنوں کا ہدف رکھا۔ واریئرس نے اپنا پہلا لیگ میچ کھیلتے ہوئے کبھی بھی گجرات کے بلے بازوں کو غلبہ حاصل کرنے کا موقع نہیں دیا۔ گجرات کے لیے ہرلین نے 32 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے 46 رن بنائے۔ اس کے علاوہ ایشلے گارڈنر نے 25، سبینینی میگھنا نے 24 اور دیالن ہیملتا نے 21 رن کا تعاون دیا۔