حیدرآباد: کرکٹ گیارہ کھلاڑیوں پر مشتمل ایک ٹیم گیم ہے اس لیے اس گیم میں جیت حاصل کرنے کے لیے تمام 11 کھلاڑیوں کو بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنا ضروری ہے۔ بھارت کی میزبانی میں جاری کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں میزبان ٹیم کی کارکردگی بھی ابھی تک شاندار رہی ہے۔ بھارت اپنے پچھلے 5 میچ جیت کر ابھی تک ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست ہے۔
بھارتی ٹیم کی ان تمام فتوحات میں کسی ایک کھلاڑی نے اہم کردار ادا نہیں کیا بلکہ یہ تمام کھلاڑیوں کی محنت رہی ہے۔ اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ تمام میچوں میں ٹیم انڈیا کی جیت میں ایک نیا ستارہ چمکا ہے اور اسے پلیئر آف دی میچ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ ورلڈ کپ 2023 میں بھارت کی جیت کی مہم چنئی میں آسٹریلیا کے خلاف شروع ہوئی تھی جو ابھی تک جاری ہے۔ لیکن اس مہم میں دلچسپ بات یہ ہے کہ تمام میچوں میں مختلف کھلاڑی پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کر چکے ہیں۔