نئی دہلی: ٹیم انڈیا مشن ایشیا کپ کے لیے روانہ ہو گئی ہے اور ٹیم کے اسٹار کھلاڑی وراٹ کوہلی اور رشبھ پنت دبئی پہنچ گئے ہیں۔ ادھر دبئی ایئرپورٹ سے کچھ تصاویر سامنے آ رہی ہیں جن میں رن مشین وراٹ کوہلی کے ساتھ ان کی اہلیہ انوشکا شرما، بیٹی وامیکا اور ساتھی کھلاڑی رشبھ پنت نظر آ رہے ہیں۔
ٹیم انڈیا ایشیا کپ میں اپنی مہم کا آغاز 28 اگست کو پاکستان کے خلاف میچ سے کرے گی۔ ایشیا کپ کے لیے ٹیم کی روانگی سے قبل بھارت کی ٹیم کے لیے اس وقت بری خبر سامنے آئی جب ٹیم کے ہیڈ کوچ راہل دراوڑ کورونا میں مبتلا پائے گئے اور اب راہل مکمل فٹ ہونے کے بعد ہی ٹیم کے ساتھ شامل ہوں گے۔
ایشیا کپ کی تاریخ کی سب سے کامیاب ٹیم بھارت کو موجودہ سیزن جیتنے کا مضبوط دعویدار سمجھا جارہاہے۔ بھارت اور پاکستان کے درمیان ہونے والے میچ کے حوالے سے شائقین میں جوش و خروش ہے۔ کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان طویل عرصے سے دو طرفہ سیریز نہیں کھیلی جا رہی تھی۔ ایشیا کپ کا فائنل 11 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ میں کل 13 میچ کھیلے جائیں گے۔