ورلڈ کپ 2023 جیتنے کے لیے ٹیم انڈٰیا فیورٹ: محمد اظہر الدین حیدرآباد: سابق بھارتی کپتان محمد اظہر الدین کا خیال ہے کہ کپتان روہت شرما کی قیادت میں موجودہ بھارتی ٹیم کرکٹ ورلڈ کپ 2023 جیت کر 2013 سے آئی سی سی ٹرافی کے قحط کو ختم کر سکتی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ کرکٹ سے الگ ہونے کے بعد سے محمد اظہرالدین سیاست کی پچ پر بلے بازی کر رہے ہیں اور اس وقت وہ 30 نومبر کو ہونے والے تلنگانہ اسمبلی انتخابات کی تشہیر میں مصروف ہیں اور وہ تلنگانہ کے جوبلی ہلز حلقہ سے کانگریس کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔
بھارت کے لیے 99 ٹیسٹ اور 334 ونڈے کھیلنے والے 60 سالہ محمد اظہر الدین نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی بات چیت میں بتایا کہ اس ورلڈ کپ کو جیتنے کے لیے موجودہ بھارتی ٹیم فیورٹ ہے۔ ای ٹی وی بھارت کے نکھل باپٹ سے بات کرتے ہوئے اظہرالدین نے یہ بھی کہا کہ جس طرح سے بھارتی ٹیم اس وقت کھیل رہی ہے اس حساب سے ان کو شکست دینا مشکل ہے۔ بھارتی ٹیم تینوں شعبوں بیٹنگ، فیلڈنگ اور بولنگ میں شاندار کارکردگی کر رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے موجودہ ایڈیشن میں بھارت واحد ٹیم ہے جو لیگ مرحلے میں ناقابل شکست رہی ہے اور وہ پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست ہے۔ بھارت کے تمام کھلاڑی اچھے کھیل کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور وہ اس وقت کھڑے ہوئے جب ٹیم کو ان کی ضرورت تھی۔ روہت شرما اور ویراٹ کوہلی جیسے اسٹار بلے بازوں کے علاوہ، شبمن گل، شریس ائیر، کے ایل راہل اور سوریہ کمار یادو جیسے نوجوان کھلاڑی بھی اس اہم ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی کر رہے ہیں۔
تیز گیند باز جسپریت بمراہ کی قیادت میں بولنگ اٹیک بھی خطرناک ہے اور مخالف ٹیم کو شکست دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ 15 نومبر کو ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں پہلے سیمی فائنل میں اس کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوگا۔ 16 نومبر کو آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرا سیمی فائنل کھیلا جائے گا اور ورلڈ کپ 2023 کا فائنل 19 نومبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: