وکٹ کیپر بلے باز نکولس پورن (40) اور آل راؤنڈر جیسن ہولڈر (15) کی طوفانی اننگز کے بعد آندرے رسل کے شاندار آخری اوور کی بدولت ویسٹ انڈیز نے بنگلہ دیش کو آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچ میں تین رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچنے کی اپنی امیدوں کو زندہ رکھا۔
دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز نے 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بنائے اور پھر بنگلہ دیش کو پانچ وکٹوں پر 139 رنز پر روک دیا۔
بنگلہ دیش کو اننگز کے آخری اوور کی آخری گیند پر جیت کے لیے ایک چوکا درکار تھا لیکن رسل نے بہترین بال ڈال کر جیت ونڈیز کے جھولی میں ڈال دی۔ نکولس پورن کو ان کی شاندار اننگز پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
ٹاس ہارنے کے بعد بیٹنگ کا فیصلہ کرنے والی ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو پچھلے میچوں کی طرح اس بار بھی اچھا آغاز نہیں ملا۔ اوپنر کرس گیل اور ایون لیوس زیادہ کچھ نہ کر سکے اور بالترتیب 10 گیندوں پر چار اور نو گیندوں پر چھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔