آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کو اپنے اگلے دو میچوں میں بڑی جیت حاصل کرنی ہوگی تاکہ اس کا نیٹ رن ریٹ اور بھی بہتر ہوسکے۔ اسکاٹ لینڈ شاید ابھی کوالیفائی نہیں کرسکتا، لیکن وہ اس بڑی اور پسندیدہ ٹیم کے خلاف مقابلہ کرتے ہوئے سرخیاں حاصل کرنا اور سبھی کی نظروں میں رہنا چاہے گا۔
بدھ کو اسکاٹ لینڈ نے نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور میچ کو بہت قریب لے گئے جہاں انہیں 16 رنز سے ہار ملی تھی۔ اگر کوئی ایک بڑی شراکت داری ہوگئی ہوتی یا ڈیتھ اوورز میں ایک اور اچھا اوور ہوتا تو آج یہ ٹیم کروڑوں ہندوستانیوں کی پسندیدہ بن جاتی۔ لیکن اب اگر وہ ہندوستان کے خلاف بھی یہی کارکردگی دکھاتے ہیں تو ٹیم انڈیا کے لیے مشکل ہو سکتی ہے۔
افغانستان کے خلاف، بھارتی بلے بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور پوری اننگز میں مسلسل جارحانہ انداز اختیار کیا۔ اسکاٹ لینڈ کے خلاف بھارت کی نظر بلے بازی کے ساتھ ساتھ گیند بازی میں مزید بہتری حاصل کرنے کی ہوگی۔
اوپنر کے طور پر جارج منسی اپنی جارحانہ بلے بازی سے کسی بھی ٹیم کے گیند بازوں کے لیے مسئلہ بن سکتے ہیں۔ ان کے کھیلنے کا انداز کافی جارحانہ ہے، خاص طور پر پاور پلے میں لیکن انہوں نے اب تک اس مقابلے میں اپنی صلاحیتوں کے ساتھ انصاف نہیں کیا۔ وہ اچھی شروعات کو بڑی اننگز میں تبدیل نہیں کر سکے اور اب تک ان کا سب سے زیادہ اسکور 29 ہے۔